دسمبر 2021: گاڑیوں  کی فروخت میں بڑا اضافہ 

دسمبر 2021: گاڑیوں  کی فروخت میں بڑا اضافہ 


لاہور: پاکستان میں گزشتہ برس ماہ دسمبر کے دوران  گاڑیوں  کی فروخت میں بڑا اضافہ  ریکارڈ کیا گیا ہے اور دسمبر 2020 کی نسبت سال 2021 میں  27331 گاڑیاں زیادہ فروخت ہوئیں۔

اس حوالے سے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ عام طور پر ہر سال کے آخر میں آٹوموبائل کی فروخت میں کمی واقع ہوتی ہے لیکن اس بار منظرنامہ مختلف ہے اور گاڑیوں کی سیل میں سال کے آخری ماہ میں 96 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، تجزیہ کاروں نے کار سیل میں اضافے کی بڑی وجہ منی بجٹ کو قرار دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ منی بجٹ میں گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافے کا سن کر صارفین نے زیادہ تعداد میں گاڑیاں بک کروائیں  جس سے مارکیٹ میں توازن پیدا ہوا۔

تجزیہ کار سنی کمار نے کہا کہ  منی بجٹ کی منظوری کے بعد کار کی قیمتوں میں اضافے کی توقع کے ساتھ بڑھتی ہوئی مانگ نے گزشتہ ماہ آٹوموبائل سیکٹر میں غیر معمولی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ سپلائی چین میں بہتری نے کاروں کی فروخت میں بھی اضافہ کیا۔

سنی کمار نے کہا کہ جولائی 2021 میں شرح سود میں 7 فیصد سے دسمبر 2021 میں 9.75 فیصد تک اضافے کے باوجود پاکستان میں آٹو فنانسنگ میں مسلسل اضافہ ہوا اور نومبر 2021 میں 349 بلین روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

تجزیہ کار علی آصف نے کہا کہ موسمی عنصر کی وجہ سے گاڑیوں کی فروخت عام طور پر ہر سال دسمبر میں گر جاتی ہے لیکن رواں برس صورتحال اس کے برعکس رہی۔انہوں نے مزید بتایا کہ  پچھلے مہینے میں آٹوموبائل کی فروخت میں اضافے میں بنیادی حصہ پاک سوزوکی موٹر کمپنی کی طرف سے آیا۔انہوں نے نشاندہی کی کہ کمپنی نے چپ کی کمی کے مسئلے پر قابو پالیا جس کے نتیجے میں پاکستان میں کاروں کی مجموعی فروخت میں اضافہ ہوا۔