ڈاکٹر حسنات کون ہیں؟ وہ کردار جو ہمایوں سعید ادا کریں گے

ڈاکٹر حسنات کون ہیں؟ وہ کردار جو ہمایوں سعید ادا کریں گے

لاہور: پاکستان کے نامور اداکار ہمایوں سعید کی مقبول سیریز ”دی کراؤن“ میں ڈاکٹر حسنات خان کا کردار ادا کرنے کی خبروں کی تصدیق ہو چکی ہے، تاہم اداکار کے ڈھیروں مداح اب  یہ ضرور جاننا چاہتے ہیں کہ سیریز میں ہمایوں سعید جو کردار نبھا رہے ہیں وہ ڈاکٹر حسنات کون ہیں؟ اور برطانوی شہزادی لیڈی ڈیانا سے ان کا کیا تعلق تھا۔

90 کی دہائی میں لندن کے رائل برومٹن ہسپتال میں پریکٹس کرنے والے پاکستانی نژاد  برطانوی سرجن  ڈاکٹر حسنات خان کی  1995 میں لیڈی ڈیانا کیساتھ  تعلقات کی خبریں سامنے آئیں، ان دونوں کے درمیان تعلق 1995 سے 1997 تک برقرار رہا۔ ڈیانا  کے قریبی دوستوں کے مطابق انہوں نے ڈاکٹر حسنات کو اپنا سچا پیار بھی قرار دیا اور  ڈاکٹر حسنات کے لیے ہمیشہ نرم گوشہ اختیار کیا ، یہاں تک کہ لیڈی ڈیانا ڈاکٹر حسنات  سے شادی بھی  کرنا چاہتی تھیں،  ڈیانا نے اپنے پاکستان کے  دورے کے دوران ڈاکٹر حسنات کے والدین سے بھی ملاقات کی۔

واضح رہے کہ  ڈاکٹر حسنات نے  2004 میں  ایک بیان  بھی ریکارڈ کرایا تھا جو بعدازاں 2008 میں ڈیانا کی موت کی انکوئری کرنے والی تحقیقاتی ٹیم کو جمع کرایا گیا تھا۔

بیان میں انہوں نے شہزادی ڈیانا سے تعلق کا اعتراف کیا تھا تاہم مصری فلم پروڈیوسر ڈوڈی الفائد سے ڈیانا کی ملاقات کے بعد دونوں نے راہیں جدا کرلی تھیں۔

ڈاکٹر حسنات خان کو  برطانوی شہزادی ڈیانا کی ’محبت‘ قرار دیا جاتا ہے، اور یہ بھی کہا جاتا ہے کہ وہ انہیں ’مسٹر ونڈرفل‘ کے نام سے پکارتی تھیں۔

  ڈاکٹر حسنات خان کے مطابق  انہوں نے شہزادی ڈیانا کے ساتھ زندگی گزارنے پر غور کیا تھا لیکن ان کی زندگی کو مکمل طور پر میڈیا اور پریس کے نرغے میں تھی تاہم ایسا ممکن نہ ہو سکا،  ڈاکٹر حسنات خان بعد میں لیڈی ڈیانا سے تعلق ختم ہونے کے بعد پاکستان واپس آ گئے، ڈاکٹر حسنات نے یہ بھی انکشاف کیا کہ  ڈیانا نے دونوں کے  تعلقات  بارے  جمائما گولڈ اسمتھ کو بھی بتائے تھے جو اس وقت موجودہ وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ تھیں۔

ڈاکٹر حسنات سے تعلقات ختم ہونے کے بعد لیڈی ڈیانا اور  مصر کے فلم پروڈیوسر ڈوڈی فائد  کے درمیان تعلق کی خبریں منظر عام پر آئیں،  دونوں 1997 میں پیرس میں ایک سڑک حادثے  کا شکار ہوئے  اور یوں  لیڈی ڈیانا کی زندگی کا سفر 1997 میں ختم ہوا۔