لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے الزام عائد کیا ہے کہ حکمران پاک چین دوستی کو سبوتاژ کر رہے ہیں۔ وزرا اقتصادی راہداری منصوبے پر الزامات لگا رہے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اوچھے ہتھکنڈوں سے ہمیں دبایا نہیں جا سکتا۔ مشیر داخلہ شہزاد اکبر ٹی وی پر آکر جھوٹے الزام لگاتے ہیں۔ ڈیڑھ سال پہلے الزام لگا کہ ملتان سکھر موٹروے کے 70 ارب کھا گیا لیکن لگائے گئے الزامات پر آج تک جے آئی ٹی نہیں بنی۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ چینی حکومت نے براہ راست کنٹریکٹرز کو پیسے دیئے تھے۔ آپ ہمارے دوست ملک چین پر الزام لگا رہے ہیں۔ بیجنگ جاتے ہیں تو سی پیک کے قصیدے پڑھتے ہیں۔ پاکستان میں آپ کے وزیر سی پیک پر الزام لگاتے ہیں۔ یہ پاکستان اور چین کی دوستی کو سبوتاژ کر رہے ہیں۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ پاکستان دن بدن ڈوب رہا ہے۔ جنہوں نے پاکستان کو ترقی کی راہ پر چلایا ان کے خلاف مقدمے بنائے جا رہے ہیں۔ نارووال سپورٹس کمپلیکس میں ایک پیسے کی کرپشن کا الزام ثابت نہیں کر سکے۔ مجھ پر اختیارات کے ناجائز استعمال کا ریفرنس بنا دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ادھورے منصوبوں کو مکمل کیا۔ جتنے سفید ہاتھی 2013ء میں ملے، 2018ء میں مکمل کرکے گئے۔ دوبارہ موقع ملا تو سپورٹس سٹی ملک کے دیگر شہروں میں بھی بنائیں گے۔