لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ میں نے قوم کے 600 ارب روپے بچائے، قومی احتساب بیورو (نیب) کو میرا شکر گزار ہونا چاہیے۔
میاں شہباز شریف نے یہ بات منی لانڈرنگ کیس کے دوران عدالت میں دیئے گئے اپنے بیان میں کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ نیب کو چنیوٹ مائنز اینڈ منرلز کرپشن کو روکنے پر میرا شکریہ ادا کرنا چاہیے۔
احتساب عدالت کے ایڈمن جج جواد الحسن نے منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کی۔ میاں شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کو کڑی سیکیورٹی میں پیش عدالت میں پیش کیا گیا۔
عدالت میں آج نیب کے گواہ محمد شریف کا بیان قلمبند کیا گیا۔ لیگی صدر شہباز شریف نے عدالت کو بتایا کہ میڈیکل بورڈ نے چیک اپ کیا، مگر ابھی تک رپورٹ فراہم نہیں کی گٸی۔
انہوں نے ایک بار پھر چنیوٹ ماٸنز کے حوالے سے بیان دیا کہ قوم کے چھ سو ارب انہوں نے بچائے نیب نے نہیں اس پر نیب کو ان کا شکریہ ادا کرنا چاہیے۔
فاضل جج نے قرار دیا کہ یہ کیس دوسری عدالت میں ہے، آپ وہاں بطور گواہ بیان ریکارڈ کروا دیں۔
شہباز شریف کی پیشی کے موقع پر ن لیگی رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، جس پر عدالت نے اظہار برہمی کیا کہ بار بار ہدایت کی گٸی کورونا ایس او پیز کا خیال رکھا جاٸے۔
فاضل جج کا کہنا تھا کہ ن لیگی رہنما خود اس معاملے کو حل کریں، اگر عدالت نے کوٸی حکم جاری کیا تو سب کے لیے پریشانی ہو گی۔