لاہور: کھوکھر برادران نے مبینہ طور پر بلیک میل ہونے پر 32 کنال سرکاری اراضی مبشر نامی شخص کے نام کر دی۔یہ انکشاف محکمہ اینٹی کرپشن کی تحقیقات میں ہوا ہے۔ اس انکشاف پر محکمہ کے افسر بھی دنگ رہ گئے۔
ذرائع کے مطابق محکمہ اینٹی کرپشن نے کھوکھر برادران سے 32 کنال سرکاری اراضی پر قبضہ سے متعلق دستاویزات طلب کیں تو انہوں نے جواب میں حقیقت بیان کر دی کہ 32 کنال اراضی مبشر نامی شخص کی جانب سے بلیک میل کرنے کی صورت میں اس کے نام کی۔
شہریوں کی زمینوں پر قبضہ کرنے والوں پر تحقیقات میں بلیک میل ہونے کا پتہ چلنے پر اینٹی کرپشن افسر بھی حیران رہ گئے۔ محکمہ کھو کھر برادران سے متعلق نئی رپورٹ تیار کر کے عدالت میں جلد پیش کر دے گا۔
خیال رہے رواں ماہ 6 جنوری کو سپریم کورٹ نے محکمہ اینٹی کرپشن کو کھوکھر برادران کے خلاف کارروائی کا حکم دیتے ہوئے سرکاری اراضی پر ان کا تعمیر کردہ کھوکھر پیلس بھی خالی کرانے کا حکم دیا تھا۔