لاہور: پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ مال روڈ احتجاج میں آصف علی زرداری اور عمران خان کی شرکت کے اعلان کا خیر مقدم کرتا ہوں۔ظلم اور ناانصافی کے خاتمے کے لیے تمام طبقات احتجاج میں شریک ہوں، پورا ملک سراپا احتجاج ہے، 'اب قاتلو ملک و قوم کی جان چھوڑ دو' تحریک چلے گی،اور قاتل اپنے عبرتناک انجام کو پہنچیں گے۔
ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ پولیس وہی کرتی ہے اشرافیہ جس کا حکم دیتی ہے، پنجاب پولیس ہٹلر کی گسٹاپو فورس بن چکی اور وزیر اعلیٰ،وزرا، ایم پی اے، ایم این ایز کے حکم پر مخالفین کو ٹھکانے لگا رہی ہے۔عوام چوروں، قاتلوں، ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر ہیں۔
ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ اے پی سی کے اعلان کردہ مال روڈ احتجاج میں ناانصافی کا شکار کسان، مزدور،کلرک شرکت کریں گے۔ وکلا، ینگ ڈاکٹرز بھی ماڈل ٹاون کے مظلوموں کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔''شریف راج'' کے خاتمہ کے لیے عوام ایک پیچ پر آگئے۔حکمرانوں نے اس لیے ظلم کی انتہاء کی کہ عوام اسے قبول کرتے چلے گئے، ظلم کی یہ خاصیت ہے یہ اتنا بڑھتا ہے جتنا اسے قبول کیا جاتا ہے ، انسانی خون سے پیاس بجھانے والی پولیس شریف جونیئر کے دس سالہ اقتدار کا واحد تحفہ ہے۔قاتل اقتدار کی رخصتی اب دنوں کی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اپنے گریبان میں جھانکیں کہ طویل ترین اقتدار اور نام نہاد خد مت کے دعووں کے باوجود وہ دن کے اجالے میں پبلک کا سامنا کیوں نہیں کر پار ہے؟
انہوں نے کہا کہ اب احتساب اور مؤاخذے کی گھڑی آپہنچی،قاتلوں کی لوٹ مار کی دولت اور کوئی تدبیر اب ان کے کام نہیں آئے گی۔