پاکستان اور امریکا کے تعلقات ایک لمحے میں ختم نہیں ہو سکتے، ٹرمپ کے مشیر کا ویڈیو بیان

08:40 PM, 12 Jan, 2018

نیوویب ڈیسک

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر برائے مسلم کمیونٹی ساجد  تارڑ  کا  کہنا ہے کہ  70 سال پر محیط پاکستان اور امریکا کے تعلقات ایک لمحے میں ختم نہیں ہو سکتے  بلکہ بہتری کی طرف جائیں گے۔ 

اپنے  ویڈیو   پیغام میں ساجد  تارڑ نے کہا  کہ  انہیں امید ہے کہ پاک۔امریکا تعلقات میں موجودہ تناو ختم ہو گا اور انہیں موجودہ تعلقات میں تناؤ پر  کوئی مایوسی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا   کہ’دونوں ممالک مختلف  آپشنز   پر غور  کر رہی  ہیں  کہ مستقبل میں ایک دوسرے کے ساتھ کیسے معاملات کو آگے بڑھایا جائے۔‘

ساجد تارڑ  کا   کہنا  تھا  کہ ’پاکستان میں کچھ چھوٹے قد کے سیاستدان اس معاملے میں اپنی دُکان چمکانے کی کوشش کر رہے ہیں اور لوگوں کو گمراہ کر رہے ہیں جیسے پاکستان اور امریکا کے درمیان جنگ ہونے جارہی ہے، لیکن ایسے بالکل حالات نہیں ہیں۔‘

ان کا  کہنا تھا   کہ ’امریکا  میں مقیم ہم پاکستانی دونوں حکومتوں کی غلط فہمیاں  دور  کرنے میں کردار  ادا   کر رہے ہیں،  70 سال کے عرصے پر محیط پاک۔امریکا  تعلقات  ایک مہینے یا ہفتے میں ختم نہیں ہوسکتے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’امریکا کی جانب سے پاکستان کی امداد مستقل نہیں بلکہ عارضی طور پر معطل کی گئی ہے، حساس معاملات پر پاکستانی سیاستدانوں کو انتشار کے بجائے احتیاط سے کام لینا چاہیے، جبکہ دونوں ممالک کے تعلقات جلد معمول پر آجائیں گے۔‘

مزیدخبریں