نواز شریف ملکی سلامتی کیلئے انتہائی خطرناک ہیں، میاں محمودالرشید 

07:04 PM, 12 Jan, 2018

لاہور: تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور  پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمودالرشید نے کہا   کہ بلوچستان بحران کے بعد وفاقی حکومت عملی طور پر غیر موثر ہو  گئی، ملکی اور سیاسی معاملات سے نمٹنا ن لیگ کے اختیار سے باہر ہے، نئے الیکشن ہی مسائل کا واحد حل، حکومت نے فوری توجہ نہ دی تو حالات مزید سنگین ہو جائیں گے۔ 

پنجاب اسمبلی میں صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ نواز شریف ریاستی اداروں کو جس انداز میں للکار رہے ہیں وہ ملکی سلامتی بالخصوص موجودہ حالات میں انتہائی خطرناک ہے۔ نواز شریف اور شہباز شریف اپنے طویل ترین دور اقتدار میں تو انقلاب برپا نہ کر سکے اب رخصت ہو رہے ہیں تو شعبدہ بازیوں پر اتر آئے ہیں۔

پنجاب کے مسائل پر بات کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ زراعت، تعلیم، صحت، صاف پانی سمیت کو نسا بنیادی انسانی حقوق کا منصوبہ ہے جسے حکومت نے اپنی ترجیح بنایا؟ بدقسمتی کا یہ عالم ہے کہ حکومت نے تمام تر وسائل اپنی عیاشی اورغیر ضروری منصوبوں پر خرچ کر دیئے، آئین ضمانت دیتا ہے روٹی، کپڑا، مکان کی، آئین نے کہیں اورنج ٹرین، میٹرو بس کی ضمانت نہیں دی،  کسان جمع پونجی خرچ کر کے تیار فصل کو بیچنے کیلئے بیٹھا ہو اور اسے قیمت نہ مل رہی ہو، جب خواتین بچوں کو سڑکوں اور چوراہوں پر جنم دے رہی ہوں اور شاہی خاندان سب ٹھیک کا نعرہ لگا رہا ہو تو وہ کس کو بیوقوف بنا رہا ہے؟

میاں محمودالرشید نے کہا کہ نواز شریف کو آج عدلیہ میں نقص اور مسائل نظر آ رہے ہیں تو کیا انہوں نے اپنے دور اقتدار میں کبھی ریفارمز کی بات کی؟ جتنی کرپشن ن لیگ کے دور میں ہوئی اسکی مثال نہیں ملتی،   پنجاب کا کوئی بھی منصوبہ اٹھالیں ان میں مالی بے ضابطگیاں نظر آئیں گی، پورے صوبے کو کمپنیوں کے سہارے چلایا جا رہا ہے، ایک آدمی کو بنیادی انسانی حقوق میسر نہیں، کوئی ذمہ داراصلاحات لانے کو تیار نہیں تو پھر عدالتیں مداخلت نہ کریں تو کیا غریب سے جینے کا حق بھی چھین لیا جائے؟

ایک اور سوال کے جواب میں میاں محمودالرشید نے کہا کہ عمران خان کی کردار کشی کرنیوالوں کاماضی کھلی کتاب ہے،عمران خان کا نکاح ہوا بھی ہو توکسی کو ذاتی معاملات میں مداخلت کا حق نہیں۔ نواز شریف سیاست تاحیات ختم ہونے پر دیوانے ہو گئے ہیں، کبھی عمران خان تو کبھی شرکت خانم پر تنقید کر کے اپنی کرپشن اور منی لانڈرنگ کو چھپانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں، وہ کسی کو سیاسی وراثت منتقل کر سکیں گے نہ لوٹی دولت کو بچا سکیں گے نہ یہ تحریک انصاف ہونے دیگی۔

مزیدخبریں