اسلام آباد: وفاقی وزیر ہائوسنگ محمد اکرم درانی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) سے وفاق کی سطح پر دوستی کا حق ادا کیا ہے۔طاہر القادری جمہوری آدمی نہیں ہیں۔جمہوری لوگوں کی طرف سے ان کی حمایت کرنے پر حیران ہوں۔سانحہ قصور کے ملزموں کو سرعام عبرناک سزا دی جائے۔
ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر ہائوسنگ اکرم درانی نے جمعہ کو پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔وفاقی وزیراکرم درانی نے کہا کہ بلوچستان میں ہم مسلم لیگ (ن) کے اتحادی نہیں تھے اپوزیشن میں تھے صوبہ بلوچستان میں چار سال سے ہمارے ممبران کے فنڈز بند کئے گئے ۔ ثناء اﷲ زہری کے وزیر اعلیٰ بننے کے بعد بھی ہم سے رابطہ نہیں کیا گیا اپوزیشن ان حالات میں کس طرح مسلم لیگ(ن) کی مدد کر سکتی تھی۔ اپوزیشن کے لیے بلوچستان میں مسلم لیگ ن کی حکومت بچانا ممکن نہیں تھا انہوں نے کہا کہ وفاق کی سطح پر مسلم لیگ ن سے دوستی کا حق ادا کیا ہے اور اس پر کوئی اعتراض نہیں کر سکتا ہے۔ فاٹا کے معاملے کا وہ حل دیں گے کہ جس سے فاٹا کے عوام کو فائدہ ہوگا۔
ایک سوال کے جواب میں اکرم درانی نے کہا کہ طاہر القادری جمہوری آدمی نہیں ہیں میں جمہوری پارٹیوں پر حیران ہوں کہ وہ کس طرح طاہر القادری کو صحیح قرار دے کر ان کی حمایت کررہی ہیں۔سانحہ قصور پر جب ٹی وی میں خبر آتی ہے تو ٹی وی بند کر دیتا ہوں کیونکہ مجھے میں یہ دیکھنے کا حوصلہ نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹی وی چینلز سے بھی درخواست ہے کہ اس سانحہ کو مزید پیش نہ کیا جائے۔ سانحہ قصور کے ملزموں کو عبرتناک سزا دی جائے اور عوام کے سامنے سزا دی جائے تاکہ کوئی ایسی جرات نہ کر سکے ۔پاکستان میں قانون موجود ہیں مگر ان پر عمل نہیں ہوتا ہے۔ سانحات سے لوگ اپنا فائدہ لینے کی کوشش کرتے ہیں۔