قصور میں 7 سالہ زینب کا قاتل کوئی سیریل کلر ہے، ملک احمد خان

 قصور میں 7 سالہ زینب کا قاتل کوئی سیریل کلر ہے، ملک احمد خان

قصور: وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود اور صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان پنجاب حکومت ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ شہادتوں کی بنیاد پر لگتا ہے کہ قصور میں زیادتی کا شکار ہونے والی 7 سالہ بچی زینب کا قاتل کوئی سیریل کلر ہے۔

ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ شواہد کی جانچ کے بعد مشتبہ شخص کے قریب پہنچ گئے ہیں اور 24 گھنٹے میں ہونے والی تحقیقات سے متعلق عوام کو آگاہ کریں گے۔ ملک احمد خان نے مزید کہا کہ ایک ہی علاقے میں اس طرح کے واقعات ہونا افسوسناک ہے لیکن عوام کے سامنے تمام تفصیلات رکھیں گے اور ملزم کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں مظاہرین کے جذبات کا احساس ہے اور زینب کے اہلخانہ کے دکھ کا مداوا صرف اسی صورت میں ہو سکتا ہے کہ ہم ملزم تک پہنچیں اور یہ اسی وقت ہو سکتا ہے کہ جب ہم فوکس تحقیقات کریں۔ ملک احمد خان نے قصور میں مظاہروں کے دوران پولیس کی فائرنگ سے 2 افراد کی ہلاکت کے واقعے پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اس واقعے کا بہت سخت ایکشن لیا ہے۔

اس موقع پر وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود نے کہا کہ زینب زیادتی کیس میں بعض مشکوک افراد کو حراست میں لیا ہے اور امید ہے کہ جلد اس سلسلے میں بریک تھرو ہوگا۔ رانا مشہود نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب ذاتی طور پر کیس کی نگرانی کررہے ہیں۔ زینب کے قاتلوں کو پکڑا جانا چاہیے اور اسے قرار واقعی سزا ملنی چاہیے تاہم شہریوں سے درخواست ہے کہ املاک کو نقصان نہ پہنچائیں۔

ساتھ ہی رانا مشہود نے تحقیقاتی اور تفتیشی اداروں کا قیام امن بحال کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تمام مساجد سے اعلانات کرائیں گے کہ شہر کا امن خراب نہیں کرنا ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں