زندگی سے تنگ عمر رسیدہ بھارتی جوڑے نے آسان موت کیلئے صدر کودرخواست لکھ دی

زندگی سے تنگ عمر رسیدہ بھارتی جوڑے نے آسان موت کیلئے صدر کودرخواست لکھ دی

ممبئی:بھارت میں آئے روز عجیب و غریب واقعات پیش آتے رہتے ہیں ،ایسا ہی ایک واقعہ ممبئی میں پیش آیا جہاں ایک عمر رسیدہ جوڑے نے زندگی سے تنگ آکر صدر رام ناتھ کووندکے نام اپنی مرضی آسان موت کیلئے درخواست لکھ دی ۔

خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ممبئی کے رہائشی 88 سالہ نارائن لاواتے اور اس کی 78 سالہ بیوی اروتی نے صدر سے اجازت حاصل کی ہے کہ ہماری کوئی اولاد نہیں ہے اور نہ ہی کوئی بہن بھائی ہے جو اس عمر میں ہماری دیکھ بھال کرسکے،انہوں نے خواہش کا اظہار کیا کہ ان کے زندہ رہنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے اور وہ مزید جی کر ملک اور اپنے وسائل کو ضائع نہیں کرنا چاہتے۔

جنوب ممبئی کے رہائشی جوڑے نے درخواست کی کہ صدر اس معاملے میں اپنا کردار ادا کریں کیونکہ وہ محسوس کرتے ہیں کہ قدرتی موت آنے تک ان کا انتظار کرنا کسی بھی طرح انصاف کا تقاضہ نہیں ہے ،کسی بیماری کے باعث مرنے سے اچھا ہے کہ انہیں آسان موت دے دی جائے۔

جوڑے نے مزید کہا کہ ”صدر اپنے اختیار کا استعمال کرتے ہوئے ان پر رحم کریں اور اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے کی اجازت دیں،ہم مزید جینا نہیں چاہتے کیونکہ ایسے زندہ رہ کر ہمیں لگ رہا ہے کہ ہم عمر قید کی سزا کاٹ رہے ہیں“۔

لاواتے نے اپنی اس غیر معمولی درخواست میں لکھا کہ اگر وہ اور اس کی بیوی کسی چھت یہ پھندا لیکر مرنا چاہیں تو اس بات کی کوئی ضمانت نہیں ہے کہ وہ اس میں کامیاب ہوجائیں گے اس لئے صدر سے درخواست ہے کہ وہ ہمیں آسان موت مرنے کی اجازت دیدیں۔

لاواتے نے کہا کہ سوئٹزرلینڈ میں ایک ایسی تنظیم ہے جو کہ دنیا میں مزید زندہ نہ رہنے والوں کی خواہش کو عملی جامہ پہنانے کیلئے مفت میں ان کو آسان موت دیتی ہے اور میں اس تنظیم کا حصہ ہوں مگر پاسپورٹ نہ ہونے کی وجہ سے میں وہاں جا نہیں سکتا۔جوڑے نے کہا کہ وہ پہلے ہی اپنے جسم کے اعضاءعطیہ کرنے کا اعلان کرچکے ہیں۔