لاہور عمران خان نے گزشتہ رات نجی ٹی وی سے اپنی ممکنہ شادی کے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ بشریٰ بی بی ہمیشہ پردہ کرتی ہیں اور شادی کی پیشکش کرنا میرا ذاتی معاملہ ہے اور ان سے جب ملا انہوں نے مکمل پردہ کیا ہوا ہوتا تھا۔ اس حوالے سے میرے خاندان کو نہیں پتا تھا اگر بات آگے بڑھتی تو میں سب کو بتاتا لیکن بے بنیاد خبروں کے ذریعے بشریٰ بی بی کی فیملی کو نقصان پہنچایا گیا۔
ان کا مزید کہنا تھا مجھے بلیک میل کرنے کیلئے پروپیگنڈا کیا گیا اور شریف فیملی سے متعلق مجھے اتنا علم ہے کہ بتاؤں تو وہ عوام کو منہ نہ دکھا سکیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے بتایا بشریٰ بی بی سے 2 سال پہلے ملاقات ہوئی مگر 30 سال پہلے میرا روحانی سفر شروع ہو چکا تھا۔ صوفی ازم پڑھنے سے میرا ایمان اور مضبوط ہوا جبکہ پہلے میاں بشیر میری رہنمائی کرتے رہے اور کہا گیا کہ میں تمام فیصلے روحانی پیر سے پوچھ کر کرتا ہوں تاہم تنقید کرنے والوں کو معرفت کے بارے میں کچھ پتہ نہیں میں جمہوری آدمی ہوں اور اپنے فیصلے خود کرتا ہوں۔
انہوں نے بتایا معرفت یا بشریٰ بی بی کا میری سیاسی زندگی اور دیگر روزمرہ فیصلوں سے قطعاً کوئی تعلق نہیں میں ان سے صرف روھانی امور میں مدد لیتا ہوں۔ ابنِ عربی اور مولانا روم کو سمجھنے میں ان سے مدد لیتا ہوں۔ میرے بارے میں ایک نجی ٹی وی چینل نے بشریٰ بی بی سے پوچھ کر لاہور والا گھر گروانے کی یا پہاڑوں پر جانے کی باتیں چلائیں وہ یکسر غلط اور بے بنیاد ہیں۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں