لاہور،کراچی :پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے کراچی اور لاہور ایئرپورٹس پر جدید ایئر ٹریفک کنٹرول سسٹم نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق، اس منصوبے کا پی سی ون پلان تیار کر لیا گیا ہے اور اسے منظوری کے لیے پلاننگ کمیشن کی سینٹرل ورکنگ ڈویلپمنٹ کمیٹی میں پیش کیا جائے گا۔ ابتدائی طور پر اس منصوبے پر پانچ سے چھ ارب روپے کی لاگت آئے گی۔
موجودہ ایئر ٹریفک کنٹرول سسٹم دونوں ایئرپورٹس پر بہت پرانا ہوگیا ہے، اور جدید سسٹم کی تنصیب کی ضرورت شدت سے محسوس کی جارہی ہے تاکہ پروازوں کو بہتر انداز میں کنٹرول کیا جا سکے۔ اس سے پہلے، اسلام آباد اور نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹس پر بھی جدید سسٹم نصب کیے جا چکے ہیں۔
ایئرپورٹس اتھارٹی اس منصوبے کے لیے بین الاقوامی ٹینڈر جاری کرے گی۔