حکومت معاشی ترقی کی رفتار تیز کرنے کے لیے اہم اقدامات کر رہی ہے تاکہ  معیشت کو مزید مستحکم بنایا جا سکے: شہباز شریف

حکومت معاشی ترقی کی رفتار تیز کرنے کے لیے اہم اقدامات کر رہی ہے تاکہ  معیشت کو مزید مستحکم بنایا جا سکے: شہباز شریف

اسلام آباد:  وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت معاشی ترقی کی رفتار تیز کرنے کے لیے اہم اقدامات کر رہی ہے تاکہ ملک کی معیشت کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ دورہ دبئی کے دوران یو اے ای کے صدر محمد بن زید النہیان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور سرمایہ کاری کے امور پر گفتگو ہوئی، اس ملاقات میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ دبئی میں گورنمنٹس سمٹ کے موقع پر پاکستان کی بھرپور نمائندگی کی گئی، جہاں دبئی کے فرمانروا کے علاوہ سری لنکا، کویت اور بوسنیا کی قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے تعلقات ہمیشہ مثالی رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی سرمایہ کاروں کو وطن واپس آ کر سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی گئی ہے اور کاروباری ماحول میں مزید آسانی کے لیے اقدامات تجویز کیے گئے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں میکرو اکنامک استحکام کے لیے حکومت نے شبانہ روز محنت کی ہے اور مزید ترقی کے لیے مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ ملک میں معاشی ترقی کی رفتار کو تیز کیا جا سکے۔