شہباز شریف کی محنت رنگ لا رہی ہے، آئی ایم ایف نے پاکستان کی ترقی کا اعتراف کیا:نواز شریف

شہباز شریف کی محنت رنگ لا رہی ہے، آئی ایم ایف نے پاکستان کی ترقی کا اعتراف کیا:نواز شریف

لاہور:  مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ شہباز شریف کی محنت کے نتیجے میں ملک کی معیشت مستحکم ہو رہی ہے اور آئی ایم ایف نے بھی پاکستان کی معاشی ترقی کی جانب قدم بڑھانے کا اعتراف کیا ہے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے صوبائی اسمبلی کے اراکین نے لاہور میں ملاقات کی، جس دوران انہوں نے ملک کی موجودہ معاشی صورتحال پر بات کی۔ نواز شریف نے کہا کہ معاشی اشاریوں میں بہتری سے پاکستان کی ترقی کے نئے راستے کھل رہے ہیں۔ پالیسی ریٹ میں کمی کے ساتھ معاشی سرگرمیاں بڑھ رہی ہیں اور معیشت کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف کی محنت رنگ لا رہی ہے، روپیہ مستحکم ہو رہا ہے اور اسٹاک مارکیٹ میں بلند ترین سطح دیکھی جارہی ہے، جبکہ مہنگائی میں بھی کمی آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف نے پاکستان کی معاشی بحالی اور ترقی کی سمت کو سراہا ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ ملک میں بے ایمانی کے ساتھ آنے والے شخص نے پاکستان کی بنیادوں کو ہلا دیا تھا، لیکن مسلم لیگ (ن) نے پاکستان کی خدمت کے لیے اپنی قربانیاں دی ہیں اور آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ ملک کی خدمت جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں خوشحالی واپس آ رہی ہے اور پاکستان سیاہ اندھیروں سے باہر آ رہا ہے، اور مسلم لیگ (ن) نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ ہم ہی عوام کو ریلیف دیتے ہیں۔

مصنف کے بارے میں