اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ کے پانچ ججز کی سنیارٹی تبدیل کرنے کے خلاف کی گئی ریپریزنٹیشن کو مسترد کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا گیا ہے۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے ریپریزنٹیشن مسترد کرتے ہوئے رجسٹرار کو فیصلے کی کاپی متعلقہ ججز کو بھیجنے کی ہدایت کی۔
جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس طارق جہانگیری، جسٹس بابر ستار، جسٹس سردار اعجاز اور جسٹس ثمن رفعت کی ریپریزنٹیشن مسترد کر دی گئی۔ تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ صوبائی ہائیکورٹس سے ججز کے تبادلے کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ کی سنیارٹی لسٹ کو برقرار رکھا جائے گا۔ لاہور ہائیکورٹ سے اسلام آباد ہائیکورٹ منتقل ہونے والے جسٹس سرفراز ڈوگر سینئر جج کے طور پر برقرار رہیں گے۔
فیصلے میں مزید وضاحت کی گئی کہ ججز کو دوبارہ حلف اٹھانے کی ضرورت نہیں، اور ججز کی تعیناتی اور ٹرانسفر میں فرق ہے۔ تحریری فیصلے میں بھارتی ہائی کورٹس کے ججز کے حلف کا متن بھی شامل کیا گیا ہے، جو اس بات کو ثابت کرتا ہے کہ ٹرانسفر کے دوران ججز کا سٹیٹس تبدیل نہیں ہوتا۔