کراچی: صوبائی دارلحکومت کے علاقے ناظم آباد نمبر 3 میں پانی کی لائن ڈالنے پر جھگڑے ہو گیا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے ناظم آباد نمبر 3 میں پانی کی لائن ڈالنے پر ہونے والے جھگڑے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہوئے ہیں۔پولیس نے بتایا کہ مقتول عاصم جاں بحق جبکہ اس کا بھائی نوید زخمی ہے جبکہ دوسرا زخمی شخص شعیب مخالف پارٹی کا ہے۔
مقتول کے بھائی نوید نے بتایا کہ علاقے میں میں بلڈر غیر قانونی طور پر پانی کی لائن لگا رہا تھا، علاقہ مکینوں نے منع کیا تو بلڈر نعمان، اویس اور ان کے والد جھگڑنے لگے، ملزمان نے علاقہ مکینوں پر اندھا دھند فائرنگ کردی، ایک گولی میرے سر کو چھوتی ہوئی بھائی کو لگی، زخمی شعیب بلڈر کا ساتھی بھی اپنی ہی گولی سے زخمی ہوا۔
مقتول کے بھائی نے یہ بھی بتایا کہ ملزمان 5 موٹرسائیکلیں چھوڑ کر بھاگ گئے، بلڈر اور اس کے ایک ساتھی کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا، بلڈر نعمان اور اویس ساتھیوں کے ساتھ فرار ہوگئے۔
اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں۔