راولپنڈی: کنٹونمنٹ ہسپتال کے واش روم میں 2 کم سن بچیوں کو زیادتی کا نشانہ بنانے کا بدترین واقعہ پیش آیا ہے اور پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے کنٹونمنٹ ہسپتال کے واش روم میں 9 اور 11 سالہ بچیوں کیساتھ زیادتی کا انکشاف ہوا ہے، پولیس کے مطابق دونوں بچیوں کا ابتدائی میڈیکل ٹیسٹ کروا لیا گیا ہے اور اب تفصیلی معائنے کیلئے ان کا ڈی این اے ٹیسٹ بھی کرایا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ دونوں بچیاں آپس میں رشتہ دار ہیں اور غبارے فروخت کر کے پیٹ پالتی ہیں۔ پولیس نے شرمناک واقعے میں ملوث ملزم غلام مرتضی کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا اور کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
کنٹونمنٹ بورڈ کے ترجمان کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں بتایا گیا ہے کہ ملزم غلام مرتضیٰ مریض بن کر ہسپتال آیا تھا جس نے ہسپتال کے ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ کے واش روم میں بچیوں سے زیادتی کی تاہم ہسپتال میں تعینات کنٹونمنٹ ویجی لینس ملازمین نے ملزم کو پکڑ لیا۔
ترجمان کے مطابق کنٹونمنٹ بورڈ واقعے کی تحقیقات کے سلسلے میں پولیس سے مکمل تعاون کررہا ہے جبکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے ہسپتال کے تاریک حصوں میں مزید ویجی لینس سٹاف تعینات کر دیا گیا ہے۔