لاہور:پاکستان تحریک انصاف کے سابق سیکرٹری اطلاعات احمد جواد نے بالآخر پاکستان مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کر دیا ،احمد جواد نے پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس کے بعد انہوں نے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کیا ۔
احمد جواد کا کہنا ہےکہ عمران نیازی نے ان جیسے ہزاروں افراد سے دھوکہ کیا ہے ،خلوص نیت کے ساتھ نیا پاکستان کے نعرے کے فریب میں آئے۔
چند روز قبل رہنما مسلم لیگ ن احسن اقبال نے احمد جواد سے ملاقات کی تھی جہاں انہوں نے پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی تھی ،ایک بیان میں احسن ا اقبال نے کہا کہ احمد جواد دیرینہ دوست ہیں، ان سے مل کر خوشی ہوئی ہے جبکہ ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال اور پاکستان کو درپیش چیلنجز پر گفتگو ہوئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پی ٹی آئی کے سابق مرکزی سیکرٹری اطلاعات احمد جواد نے تحریک انصاف کی پالیسیوں پر آواز اُٹھائی تھی اور وزیراعظم کے قریبی ساتھیوں کو ہدفِ تنقید بنایا تھا،اس کے علاوہ انہوں نے پی ٹی آئی دور حکومت میں ارب پتی بننے والوں کے نام بھی سامنے لانےکا اعلان کیا تھا۔
تاہم اس کے بعد تحریک انصاف نے اعلامیہ جاری کیا تھا جس کے مطابق سابق مرکزی سیکرٹری اطلاعات احمد جواد کی پارٹی رکنیت قیادت کےخلاف بے بنیاد الزامات لگانے کی وجہ سے ختم کردی گئی تھی۔