لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے بجلی کی قیمت میں 3 روپے سے زائد اضافہ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حکومت سے نجات کے بعد ہی عوام کو ریلیف ملے گا۔
تفصیلات کے مطابق شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چار سال میں ثابت ہوا کہ حکومت کے پاس صرف مہنگائی اور کرپشن کا پلان ہے، اس حکومت سے نجات سے ہی عوام کو ریلیف ملے گا، عمران نیازی مہنگائی سے عوام کی زندگیاں چھیننے کے بجائے مستعفی ہوجائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے کسی بھی سطح پر عوام کو ریلیف نہیں دیا اور صرف تکلیف دی جا رہی ہے، اور بجلی کی قیمت میں اضافے کے بعد اب پیٹرول بم گرانے کی تیاری کی جا رہی ہے، ایسی نااہل ترین اور کرپٹ حکومت کے خاتمے سے ہی عوام کو ریلیف مل سکتا ہے اور ہم تحریک عدم اعتماد کے ذریعے عوام کو اس ظالم حکومت سے نجات دلائیں گے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ غریب دشمن حکومت ہر روز مہنگائی کا حکم جاری کرتی ہے، اب عوام کی طرف سے ان پر عدم اعتماد کا حکم جاری کرنے کا وقت آگیا ہے۔
واضح رہے کہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے فی یونٹ بجلی 3 روپے 9 پیسے مہنگی کرتے ہوئے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے جس کے مطابق یہ اضافہ دسمبر کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ہوا ہے۔
نیپرا کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں یہ اضافہ فروری کے بلوں میں وصول کریں گی جبکہ بجلی کی قیمت میں اس اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک کے صارفین پر نہیں ہو گا۔