لاہور: نجی سکولوں میں مختلف سرگرمیوں کیلئے لاؤڈ سپیکر کے استعمال کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے اور خلاف ورزی کرنے والے سکولوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب ایجوکیشن اتھارٹیز کو ساؤنڈ سسٹم ایکٹ 2015 پر ہر صورت عملدرآمد کروانے کا حکم جاری کردیا گیا اور اس ضمن میں جاری کئے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ لاؤڈ سپیکر سے پیدا ہونے والا شور انسانی صحت پر برے اثرات مرتب کرتا ہے اور انسانی صحت کیلئے کسی بھی غیر صحت مند سرگرمی کی اجازت نہیں ہو گی۔
مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ سکولوں میں اونچی آواز میں لاؤڈ سپیکر لگانا ساؤنڈ سسٹم ایکٹ 2015 کی خلاف ورزی ہے جس کی روک تھام کیلئے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے تمام اتھارٹیز کو مراسلہ جاری کیا ہے۔
سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ سکولوں میں لاؤڈ سپیکر کا استعمال روکنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں جبکہ ایجوکیشن اتھارٹیز ساؤنڈ سسٹم ایکٹ کے حوالے سے نجی سکولوں کو آگاہی لیٹرز بھی جاری کریں گی۔