اسلام آباد: غیر ملکی ائیرلائن کو پاکستان میں ڈومیسٹک فلائٹس کی اجازت دینے کیخلاف قومی ائیرلائن میدان میں آگئی۔ ایئر عربیہ اور فلائی جناح کو ڈومیسٹک سطح پر پروازوں کی اجازت کو پی آئی اے اور ملکی ائیرلائنز کیلئے بھاری نقصان کا پیش خیمہ قرار دے دیا ۔
سی ای او پی آئی اے ایئرمارشل ارشد ملک نے وزیر اعظم عمران خان کو لکھے گئے خط میں کہا کہ غیر ملکی ایئرلائن ایئر عربیہ نے پاکستان کی فلائی جناح ائیر سے فلائٹ آپریشن کا معاہدہ کیا ہے. ایئر عربیہ اپنے جہاز فلائی جناح ائیرلائن کے ذریعے پاکستان میں ڈومیسٹک سیکٹر پر چلائے گی اس عمل سے پی آئی اے اور مقامی ائیرلائنز کو بھاری نقصان ہوگا۔
ایئر عربیہ اور فلائی جناح کو ڈومیسٹک سطح پر پروازوں کی اجازت دینے کی مخالفت کرتے ہیں .نیشنل ایوی ایشن پالیسی 2019 میں بھی مقامی ائیرلائنز انڈسٹری کو تحفظ دینے کی بات کی گئی ہے اس لیئے ایئر عربیہ کو ڈومیسٹک سطح پر پروازوں کی اجازت دینے سے منع کیا گیا تھا.
حکومت نے ایئرعربیہ اور فلائی جناح کو غیرملکی سرمایہ کاری کے باعث ڈومیسٹک پروازوں کی اجازت کا فیصلہ کیا حالانکہ امریکا سمیت پوری دنیا اپنی مقامی انڈسٹری کو سپورٹ کرتی ہے۔مقامی ائیرلائنز انڈسٹری کے تحفظ کیلئے ایئر عربیہ کو ڈومیسٹک پروازوں کی اجازت دینے کا فیصلہ واپس لیا جائے۔