اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے علاقے بارہ کہو میں پولیس مقابلے کے دوران ایک اہلکار شہید ہو گیا۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق بارہ کہو میں کار سوار ملزمان نے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں کام کرنیوالےافراد پر گولیاں برسا دیں جس سے تین افراد زخمی ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع پر پولیس نے فائرنگ کرنے والی گاڑی کا پیچھا کیا تو مبینہ ڈاکؤوں نے پولیس موبائل پر بھی فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار سب انسپکٹر لیاقت شہید ہو گیا۔
اسلام آباد پولیس کے ایک اور بہادر سپوت نے شہریوں کی جان و مال کا تحفظ کرتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر دیا۔
— Islamabad Police (@ICT_Police) February 12, 2022
سب انسپکٹر لیاقت علی بھارہ کہو کے علاقے میں جرائم پیشہ عناصر سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے۔
انا للہ و انا الیہ راجعون#IslamabadPolice #PoliceMartyrs
پولیس کا بتانا ہے کہ فائرنگ کرنے والے کار سوار ملزمان میں سے ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ہےاور کار بھی تحویل میں لے لی ہے جبکہ دوسرا ملزم فرار ہو گیا ۔
آئی جی اسلام آباد نے تھانہ بھارہ کہو کے علاقے میں فائرنگ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز سےرپورٹ طلب کرلی ہے، جبکہ ایس ایس پی آپریشنز،ایس ایس پی انوسٹی گیشن کی سربراہی میں تحقیقات کیلئے پولیس ٹیمیں بھی تشکیل دے دی ہیں۔