اسلام آباد: سینیٹ الیکشن کے لئے تمام سیاسی جماعتوں نے اپنے امیداروں کے نام فائنل کرنا شروع کر دیئے ہیں۔ حکمران جماعت تحریک انصاف نے بھی امیدواروں کے نام فائنل کر لئے ہیں۔ الیکشن کمیشن میں امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں جمع کرانے کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
وزیراعظم کی زیر صدارت تحریک انصاف کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں سینیٹر بننے کے خواہشمند افراد کی لسٹ پر مشاورت کا عمل مکمل کر لیا گیا۔
اسلام آباد سے حفیظ شیخ اور فوزیہ ارشد تحریک انصاف کی امیدوار ہونگی۔ پنجاب سے سیف اللہ نیازی، ڈاکٹر زرقا اور بیرسٹر علی ظفر امیدوار ہوں گے۔ خیبر پختونخواہ سے شبلی فراز، محسن عزیز، دوست محمد، ثانیہ نشتر کا نام حتمی فہرست میں شامل ہے۔
ترجمان بلاول ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پیپلز پارٹی کے بورڈ کی جانب سے سینٹ الیکشن میں پارٹی کے امیدواروں کو ٹکٹ جاری کر دیے گئے۔ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی اسلام آباد سے سینیٹ انتخابات میں اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے مشترکہ امیدوار کی تجویز ہے جبکہ خیبر پختونخوا سے فرحت اللہ بابر پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار ہوں گے۔
ترجمان کے مطابق سندھ سے جام مہتاب ڈہر، تاج حیدر، سلیم مانڈوی والا، شیری رحمان اور شہادت اعوان امیدوار ہوں گے۔ ٹیکنو کریٹ کی نشست پر فاروق نائیک، شہادت اعوان اور کریم خواجہ امیدوار ہوں گے۔
خواتین کی نشستوں پر خواتین نشستوں پر پلوشہ خان، اور خیرالنساء مغل پیپلز پارٹی کی امیدوار ہوں گی جبکہ رخسانہ شاہ کورنگ امیدوار ہوں گی۔ پنجاب میں جنرل نشست پر عظیم الحق منہاس پیپلز پارٹی کے امیدوار ہوں گے۔
مسلم لیگ ن کی جانب سے سینیٹ کی جنرل نشستوں کیلئے پرویز رشید ، مشاہداللہ اور اعظم نذیر تارڑ کے نام فائنل کرلیے گئے۔
اس حوالے سے ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی بورڈ نےسینیٹ میں پارٹی ٹکٹ کیلئےناموں کوحتمی شکل دے دی ہے۔ مریم اورنگزیب کے مطابق پارلیمانی بورڈ نےصوبہ پنجاب سے پارٹی کے 5 رہنماؤں کے ناموں کی منظوری دے دی ہے، ٹیکنو کریٹ کی سیٹ پر اعظم نذیر تارڑ ایڈووکیٹ کو پارٹی ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مریم اورنگزیب نے بتایا کہ جنرل سیٹ پر پرویز رشید، مشاہداللہ خان اور پروفیسر ساجد میر کے ناموں کی منظوری دی گئی ہے جبکہ خواتین کی نشست پر بیرسٹر سعدیہ عباسی کو پارٹی ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
جمعیت العلمائے اسلام (ف) اور عوامی نیشنل پارٹی نے سینیٹ انتخابات میں اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔ جے یو آئی (ف) نے دو صوبوں سے سینیٹ الیکشن کے لیے اپنے امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دے دی ہے۔
ترجمان جے یو آئی (ف) کے مطابق صوبہ کے پی سے جنرل نشست کے لیے مولانا عطا الرحمان اور طارق خٹک کو ٹکٹ جاری کیے گئے ہیں۔ صوبہ خیبر پختونخوا سے ٹیکنو کریٹ کی نشست پر زبیر علی، خواتین کی سیٹ پر نعیمہ کشور اور اقلیتی نشست پر رنجیت سنگھ جے یو آئی (ف) کی جانب سے امیدوار ہوں گے۔
جے یو آئی (ف) نے صوبہ بلوچستان سے جنرل نشستوں پر مولانا عبدالغفور حیدری اور خلیل احمد بلیدی کو اپنا امیدوار نامزد کیا ہے جب کہ ٹیکنوکریٹ کی سیٹ پر کامران مرتضیٰ، خواتین کی نشست پر آسیہ ناصر اور اقلیتی نشست پر ہیمن داس کو پارٹی ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔
اے این پی کی جانب سے جنرل نشست پر حاجی ہدایت اللہ امیدوار ہوں گے جب کہ ٹیکنو کریٹ کی نشست پر ڈاکٹر شوکت جمال کو امیدوارنامزد کیا گیا ہے۔
باچا خان مرکز سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق خواتین کی نشست پر ڈاکٹر تسلیم بیگم امیدوار ہوں گی جب کہ اقلیتی نشست پر آصف بھٹی اے این پی کے امیدوار ہوں گے۔ باچا خان مرکز سے جاری اعلامیے کے تحت پارلیمانی بورڈ کے چیئرمین ایمل ولی خان نے تمام ناموں کی منظوری دے دی ہے۔