نئی دہلی: راہول گاندھی نے نریندر مودی کو بزدل انسان قرار دیتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی میں چین کو جواب دینے کی ہمت ہی نہیں ہے۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کانگریس رہنما نے بھارتی وزیراعظم ملک کی سرحدوں اور نظریات کا تحفظ کرنے کی صلاحیت اور اہلیت نہیں رکھتے۔ چین کے سامنے کھڑے ہونے کی ہمت نہیں اور مودی کی بزدلی نے بھارتی فوجیوں کی قربانیاں رائیگاں کر دیں اور بھارت میں کسی کو ایسا کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیئے۔
راہول گاندھی کا کہنا تھا کہ جب سے مودی کی حکومت آئی ہے چین کی جانب سے لائن آف ایکچوئل کنٹرول کی خلاف ورزی میں اضافہ ہوا ہے اور اس حکومت میں بھارتی فوج کو جتنا نقصان پہنچا ہے اتنا تاریخ میں کبھی نہیں پہنچا۔
راہول گاندھی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ترجمان نے کہا اپوزیشن لیڈر کو اپنے دادا جواہر لال نہرو سے پوچھنا چاہیئے جنہوں نے چین کو بھارت کی زمین دیدی تھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے پارلیمنٹ میں بیان دیا تھا جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ لداخ میں فوجی پیچھے ہٹانے کے بارے میں چین سے معاہدہ ہو گیا ہے۔
اس معاہدے کے تحت چین فوجی ٹکڑیوں کو پینگونگ جھیل کے شمالی کنارے پر فنگر 8 کے مشرق کی سمت رکھے گا۔ اسی طرح بھارت بھی اپنی فوج کو پینگونگ جھیل کے پاچ فنگر 3 کے پاس مستقل پوسٹ پر رکھے گا اور ایسی ہی کارروائی دونوں فریق جنوبی کنارے پر بھی کریں گے۔
راج ناتھ سنگھ نے اس معاہدے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں اس ایوان کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ چین سے اس معاہدے میں انڈیا نے کچھ بھی نہیں کھویا ہے۔