کراچی: سابق صدر آصف علی زرداری نے جنوبی وزیرستان میں پاک فوج کے 4 جوانوں کی شہادت پر بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر من وعن عمل کیا جاتا تو دھرتی دہشتگردوں سے پاک ہوتی۔
آصف زرداری نے اپنے بیان میںشہید جوانوں کے اہلخانہ سے تعزیت اور اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف بے نظیر بھٹو شہید کے بیانیے پر عمل کی ضرورت ہے۔ سوات آپریشن کی طرح جنوبی وزیرستان کو دہشتگردوں سے پاک کیا جائے۔
خیال رہے کہ جنوبی وزیرستان میں دہشتگردوں کیساتھ جھڑپ میں پاک فوج کے 4 جوانوں نے وطن کیلئے اپنی جانوں کی قربانی دیتے ہوئے جام شہادت نوش کر لیا ہے۔ اس جھڑپ میں سیکیورٹی فورسز نے 4 دہشتگردوں کو بھی جہنم واصل کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کیساتھ یہ جھڑپ جنوبی وزیرستان کے علاقے مکین میں ہوئی۔ وطن کی خاطر جان قربان کرنے والوں میں سپاہی انیس الرحمان، سپاہی عزیز، سپاہی عاطف جہانگیر اور لانس نائیک عمران علی شامل ہیں۔