کراچی: مشہور پاکستانی اداکار عدنان صدیقی نے پاکستان سپر لیگ کا ترانہ گانے والی لیجنڈ گلوکارہ نصیبو لال کو تنقید کا نشانہ بنانے والوں پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں اپنے فنکاروں کی عزت کرنی چاہیے۔
عدنان صدیقی کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ ہم اپنے فنکاروں کو وہ احترام اور عزت کیوں نہیں دے سکتے، جس کے وہ حق دار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسے ناقدین کو فنکاروں کی سخت محنت کا شعور ہی نہیں ہوتا، اس لئے وہ ان کے کام کو آسانی سے مٹی میں ملا دیتے ہیں۔
پاکستانی اداکار نے لیجنڈ گلوکارہ نصیبو لال کو پی ایس ایل کا ترانہ گانے پر تنقید کا نشانہ بنانے والوں کو آئینہ دکھاتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ملک کو ایسے زبردست اور سریلے گانے دیئے جنھیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ بغیر سوچے سمجھے ''گروو میرا'' پر تنقید سمجھ سے بالاتر ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے ترانے کو نصیبو لال کی خوبصورت آواز سے سجایا گیا ہے۔ اس زبردست گانے پر بعض لوگوں کی جانب سے ناپسندیدگی کا اظہار کیا جا رہا ہے لیکن کو پسند کرنے والوں کی تعداد لاکھوں تک پہنچ چکی ہے۔ یوٹیوب پر اب تک 62 لاکھ سے زائد افراد اسے دیکھ چکے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ پی ایس ایل کے کسی اور ترانے کو اتنی پذیرائی حاصل نہیں ہوئی جتنی اسے حاصل ہو رہی ہے۔