کراچی سے گرفتار غیر ملکی دہشتگردوں کے انکشافات، ٹھوس تحقیقات کا فیصلہ

10:02 AM, 12 Feb, 2021

کراچی: گزشتہ دنوں کراچی سے گرفتار خطرناک غیر ملکی دہشتگردوں کی جانب سے انتہائی اہم انکشافات کئے گئے ہیں۔ یہ انکشافات اتنے اہم ہیں کہ تمام ادارے سر جوڑ کر بیٹھ گئے ہیں کہ اس بارے میں ٹھوس تحقیقات ضروری ہیں۔

اس سلسلے میں انسداد دہشتگردی ڈیپارٹمنٹ کے ایس ایس پی عارف عزیز کی سربراہی میں ایک اعلیٰ جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم تشکیل دیدی ہے جو غیر ملکی دہشتگردوں کی جانب سے کئے گئے انکشافات کا مکمل جائزہ لے گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملک کی اعلیٰ قیادت کو تمام صورتحال سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ معاملے کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے دہشتگردوں سے تفتیش کیلئے قائم جے آئی ٹی میں دیگر پولیس افسران، رینجرز، سپیشل برانچ اور حساس اداروں کے افسران کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے دہشتگردوں سے جو ابتدائی تفتیش کی گئی ہے اس میں ایسے چونکا دینے والے انکشافات سامنے آئے ہیں اس نے سنسنی پھیلا دی ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ جلد کی اعلیٰ حکام کی جانب سے دہشتگردوں سے حاصل کی گئی معلومات کو میڈیا کیساتھ شیئر کرنے کیلئے پریس کانفرنس کی جائے گی۔

انسداد دہشتگردی ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ یہ معاملہ اتنا سنگین ہے کہ ہو سکتا ہے کہ اس میں معاونت کیلئے کسی خفیہ ایجنسی کی معاونت حاصل کرنا پڑے۔ اعلیٰ حکام نے جے آئی ٹی کو حساس معاملے کی تحقیقت 30 دن کے اندر مکمل کرکے رپورٹ کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

مزیدخبریں