لاہور( میاں عمران مسعود ترجمان پنجاب پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹی ایسوسی ایشن ) : فروغ تعلیم کے وسیع ترمفاد میں پنجاب بھر کے نجی جامعات کا اہم اجلاس یونیورسٹی آف لاہور (آف رائے ونڈ روڈ) منعقد ہوا۔ اجلاس میں پنجاب کی پرائیویٹ یونیورسٹیوں کے مالکان اور اعلیٰ عہدیداران نے شرکت کی ۔ اجلاس میں معروف ماہر تعلیم پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان پنجاب پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹی ایسوسی ایشن کے چئیرمین منتخب کر لیے گئے ۔
تفصیلات کے مطابق اجلاس میں حکومت کی تعلیم دشمن پالیسیوں پر اظہار تشویش کرتے ہوئے قرار دیا گیا کہ اعلیٰ تعلیم کے میدان میں اختیار کی گئی سرکار ی سوچ میں مثبت و تعمیر ی تبدیلی کی فوری ضرورت ہے ۔ اجلاس کے شرکاء نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ اعلیٰ تعلیم کے معاملہ میں منفی حکومتی پالیسیاں جاری رہیں تو نجی یونیورسٹیوں کو تالے لگ جائیں گے اس سے لاکھوں طالب علموں اور ہزاروں اساتذہ کا مستقبل تاریک ہوجائیگا۔
نجی شعبے میں کام کرنے والی جامعات کے مالکا ن اور اعلیٰ تنظیمی عہدیداران کے اجلاس میں نجی جامعات کی ایسوسی ایشن کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔
ایسوسی ایشن کے بنیادی چارٹر میں درج ذیل نکات پر اتفاق کیا گیا ۔
1۔ اعلیٰ تعلیم کے حصول کو طلبا و طالبات کی آسان دسترس میں لانے کے اقدامات اٹھانا ۔
2۔ اعلیٰ تعلیم کے معیار کو بہتر سے بہتر بنانے کی حکمت عملی ترتیب دینا ۔
3۔ اعلیٰ تعلیمی نظام میں موجود بے قاعدگیوں کو ختم کرنے کے لائحہ عمل ترتیب دینا ۔
4۔ حکومت کی تعلیم دشمن پالیسیوں کی اصلاح کے لیے نتیجہ خیز کوششوں کو بروئے کار لانا ۔
5۔ نجی تعلیم شعبے میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری کرنے والے مالکان کے جائز مطالبات کو کسی تاخیر کے بغیر تسلیم کرانا ۔
اجلاس میں طے کیاگیا کہ نجی جامعات کے چارٹر آف ڈیمانڈ کو بہت جلد حکومتی ذمہ داران کے سامنے رکھا جائیگا۔ اجلاس کے شرکاء نے امید ظاہر کی کہ حکومتی سطح پر تشکیل دی جانے والی تعلیمی پالیسیوں او ر ترجیحات کے حوالے سے نجی جامعات سے مشاورت کی جائیگی اور حکومتی سطح پر اعلیٰ تعلیم کے نجی شعبے کی خدمات کو تسلیم کیا جائیگا۔