اسلام آباد:وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے پاکستان کے عوام کا خون چوس کر غریبوں کے پیسے پر پلنے والے حکومت میں کفیل ڈھونڈ رہے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر اپوزیشن کا احتجاج سیاسی محرومیوں کے ماتم کے سوا کچھ نہیں، اپوزیشن جماعتیں عوام کے لئے نہیں اپنے سیاسی مفادات کے لیے احتجاج کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کے پیٹ میں عوام کی ہمدردی کا نہیں اپنی کرپشن اور اقتدار کا درد ہو رہا ہے،مافیا کے سرغنہ لندن میں ہیں خواجہ آصف صاحب کو چاہیے وہاں رابطہ کریں۔فردوس عاشق نے کہا کہ یہ ان لوگوں کا احتجاج تھا جو عوام کے خرچے پر اب بھی مزے اڑا رہے ہیں، اقتدار میں رہ کر انہوں نے قوم سے اس کی زندگی اور مستقبل چھین لیا ہے۔
بلاول بھٹو پر تنقید کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ یہ آپ کے دور کی کرپشن ہے جس کا خمیازہ قوم بھگت رہی ہے، ابو اور پھوپھو سے کہیں کہ قوم کا لوٹا ہوا پیسہ واپس کر دیں، مہنگائی ختم ہو جائے گی۔انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنے والے مجرم ہیں جنہوں نےقوم کو غربت، قرض، مہنگائی کی دلدل میں دھکیلا، یہ ان کے نمائندے ہیں جنہوں نے ہوائی اڈے تک عالمی اداروں میں گروی رکھے۔