کراچی: اداکارفیروزخان نے حال ہی میں دیے گئے انٹرویو میں اپنی زندگی میں آنے والی تبدیلی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ زندگی صرف خدا کو راضی کرنے میں ہے۔ڈراما سیریل ”خانی“سے مشہور ہونے والے اداکار فیروزخان اپنے کیریئرمیں کئی کامیاب ڈراموں میں کام کرچکے ہیں۔
اس کے علاوہ وہ فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔ فیروز خان کا شمار پاکستان شوبز انڈسٹری کے ناموراداکاروں میں ہوتا ہے جو سوشل میڈیا پر بھی کافی سرگرم رہتے ہیں۔
تاہم چند روز قبل انہوں نے اچانک اپنا انسٹاگرام اکاؤنٹ بند کردیا تھا۔فیروز خان نے تو انسٹاگرام اکاؤنٹ بند کرنے کی کوئی وجہ نہیں بتائی لیکن ان کی اہلیہ علیزے نے انسٹاگرام سٹوری میں اپنے شوہر کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا یہ روحانی سفر آپ کی زندگی میں مزید اعتماد لائے اور آپ اپنے مقصد میں کامیاب ہوں۔
علیزے کی اس پوسٹ کے بعد یہ خبریں گردش کرنے لگیں کہ فیروز خان اپنے روحانی سفر کا آغاز کرنے جارہے ہیں اور شاید وہ اب شوبز کو بھی خیرباد کہہ دیں۔