اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے اسلامی فوجی اتحاد کے سربراہ جنرل (ر) راحیل شریف نے ملاقات کی۔ وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں ملکی و بین الاقوامی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ اس دوران دہشت گردی کے خلاف اسلامی اتحاد کے اقدامات پر بھی بات چیت کی گئی۔
اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے بھی اسلامی فوجی اتحاد کے سربراہ جنرل (ر) راحیل شریف نے ملاقات کی جس میں علاقائی امن و استحکام سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
جنرل (ر) راحیل شریف نے وزیر خارجہ کو دہشت گردی کے خلاف اسلامی فوجی اتحاد کے اقدامات سے آگاہ کیا۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور سابق آرمی چیف و اسلامی فوجی اتحاد کے سربراہ جنرل (ر) راحیل شریف کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے جنرل (ر) راحیل شریف سے ملاقات کے دوران کہا کہ یہ اتحاد کسی خاص ریاست یا قوم کے خلاف نہیں بلکہ اتحاد دہشت گردی کے خلاف کوششیں مزید منظم بنانے کیلئے ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اتحاد سے دنیا سے دہشت گردی کے خاتمے میں مدد ملے گی اور پاکستان خطے کی ترقی و خوشحالی کیلئے مسائل کا پُر امن حل چاہتا ہے۔ امن ترقی کی ضمانت اور مذاکرات ہی مسائل کا حل ہیں۔
اس موقع پر جنرل (ر) راحیل شریف کا کہنا تھا کہ اسلامی فوجی اتحاد سے دہشت گردی کے خلاف عالمی کوششوں کو تقویت ملی۔ اتحاد دنیا بھر میں دہشت گردی کے خاتمے اور قیام امن کیلئے کوششیں مربوط بنائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف ہمیشہ فعال کردار ادا کرتا رہا ہے۔