لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈنے جونیئر سطح پر بھارتی کرکٹر راہول ڈریوڈ کی طرز کا ماڈل متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ ایک ایسے پلان پر کام کررہا ہے جس کے تحت جونیئر سطح پر راہول ڈریوڈ ماڈل متعارف کرایا جائے گا اور نوجوان کرکٹرز کیلئے ماضی کے کسی عظیم کھلاڑی کو کوچ مقرر کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ بھارت نے ماضی کے عظیم کھلاڑی راہول ڈریوڈ کو اپنی انڈر 19ٹیم کا نگران مقرر کیا ہوا ہے۔اس ماڈل کے تحت نوجوان کھلاڑیوں کو آف دی فیلڈ ڈسپلن سکھانے کیلئے انگریزی کی کلاسز دی جائیں گی، کھانے پینے اور لباس کے معاملے پر بھی قومی اکیڈمی میں خصوصی کلاسز کا اہتمام کیا جائے گا۔ گزشتہ کئی سالوں سے جونیئر ٹیموں کی کوچنگ میں بندر بانٹ ہورہی ہے اور ہر سیریز میں نیا کوچ ہوتا ہے۔
انڈر19ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ منصور رانا کو پاکستانی ٹیم میں ڈیلی الانس بانٹنے اور میڈیا ہینڈلنگ کا کام سونپ دیا گیا ہے۔اپنے انٹرویو میں کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ بلاشبہ مکی آرتھر نے پاکستانی ٹیم کو اوپر لانے میں محنت کی، یہ تاثر غلط ہے کہ پاکستانی کرکٹرز کو غیر ملکی کوچز سے بات چیت کرنے میں مشکل پیش آتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں غیر ملکی کوچز کے ساتھ اپنے کوچز کو تیار کرنے کی ضرورت تھی لیکن بدقسمتی سے ہم نے یہ کام نہیں کیا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جونیئر کرکٹ میں راہول ڈریوڈ طرز پر ایسے کوچز لائیں گے جو بڑے پائے کے کھلاڑی رہے ہوں، پی سی بی کے اصلاحاتی ایجنڈے میں یہ نکتہ اہم ہے کہ بڑے کھلاڑی بھارتی طرز کا ماڈل اپناتے ہوئے جونیئر ٹیموں کو کوچ کریں۔
احسان مانی کے مطابق کھلاڑی ملک کے سفیر ہوتے ہیں جنہیں کرکٹ کے علاوہ کھانے پینے، بول چال اور ڈریسنگ کے بارے میں کلاسز دی جائیں گی تاکہ جب یہ کھلاڑی پاکستان ٹیم میں آئیں تو انہیں کرکٹ کے ساتھ ہر چیز کی مکمل آگاہی ہو، آن اور آف دی فیلڈ کھلاڑیوں کی ڈسپلن مثالی ہو۔