ٹائیگر شروف کا ’باغی 3 ‘کیلئے گرل فرینڈ کی جگہ شردھا کپور کا انتخاب

12:44 PM, 12 Feb, 2019

ممبئی :بالی ووڈ اداکارہ شردھا کپور ایک مرتبہ پھر اداکار ٹائیگر شروف کے ساتھ فلم سیریز ’باغی‘ کے تیسرے حصے میں رومانس کرتی نظر آئیں گی۔

فلم ’باغی‘ کے پروڈیوسرز اس کے تیسرے حصے پر کام کررہے ہیں، جس میں ایک مرتبہ پھر ٹائیگر شروف ہی مرکزی کردار نبھاتے نظر آئیں گے، تاہم فلم کی مرکزی اداکارہ کی کھوج جاری تھی، تاہم اب شردھا  کپور کو کاسٹ کرلیا گیا ہے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ شردھا  کپور اس فلم سیریز کی پہلی فلم میں بھی ٹائیگر شروف کے ساتھ کام کرچکی ہیں، جو باکس آفس پر کامیاب ثابت ہوئی تھی۔

تاہم اس سیریز کی دوسری فلم باغی 2 میں شردھا  کپور کی جگہ ٹائیگر شروف کی گرل فرینڈ دیشا پٹانی نے لے لی تھی۔سیریز کی تیسری فلم کے لیے بھی شردھاکپور کے ساتھ ساتھ دیشا پٹانی کو کاسٹ کرنے کی خبریں سامنے آئیں تھی، تاہم شردھا کو آخر کار کاسٹ کیا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم میں کاسٹنگ کے حوالے سے شردھا کا کہنا تھا کہ ’میں بہت زیادہ پرجوش ہوں، یہ فلم پہلی دو فلموں سے بھی زیادہ بڑی ہوگی، پہلی فلم میں کام کرنے کا میرا تجربہ بھی بہت اچھا رہا تھا، فلم کا اسکرپٹ بھی بہت متاثر کن ہے۔

فلم کے پروڈیوسر ساجد ناڈیہ والا نے شردہا کا فلم میں حصہ بننے پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’فلم باغی کی پوری ٹیم شردہا کی واپسی سے بےحد خوش ہے، ٹائیگر اور شردھاکی جوڑی کو باغی میں بےحد پسند کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ فلم ’باغی‘ 2016 میں ریلیز ہوئی تھی، اس کی دوسری فلم ’باغی 2‘ گزشتہ سال سامنے آئی تھی جبکہ ’باغی 3‘ کو اگلے سال 6 مارچ کو ریلیز کرنے کا ارادہ کیا گیا ہے۔ شردھا کپور اس وقت اپنی فلم ’چھچورے‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جبکہ ٹائیگر ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر 2‘ میں کام کررہے ہیں۔

مزیدخبریں