عرب شاہی خاندانوں کو تلور کے شکار کیلئے مزید 12 اجازت نامے جاری

عرب شاہی خاندانوں کو تلور کے شکار کیلئے مزید 12 اجازت نامے جاری
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد:وفاقی حکومت نے نایاب پرندے تلور کے شکار کے لیے اجازت نامے دینے کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے خلیجی ممالک کے شاہی خاندانوں کے افراد کو مزید 12 خصوصی اجازت نامے جاری کردیے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارت خارجہ کی جانب سے سعودی عرب کے خطے تبوک کے گورنر، شہزادہ فہد بن سلطان عبدالعزیز السعود کو بلوچستان کے ضلع آوران، نوشکی، چاغی کے اجازت نامے دیے ہیں اور شہزادہ منصور بن محمد عبدالرحمن السعود کو ڈیرہ بگٹی اور سوئی کے علاقوں میں شکار کی اجازت دی گئی ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات (یو اے ای)کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ خلیفہ بن زیدالنہیان اور ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان کو پنجگور، خاران اور ژوب میں(قمر دین کاریز کے علاوہ)شکار کا اجازت نامہ دیا گیاہے۔ اسی طرح یو اے ای کے صدر کے بیٹے اور ابوظہبی کے حکمران کے ترجمان شیخ ہمدان بن زید النہیان کو سبی کی تحصیل لہری میں شکار کی اجازت دی گئی ہے۔

حکومت پاکستان نے یو اے ای کے نائب صدر اور وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم اور دبئی کے ولی عہد شیخ محمد بن ہمدان بن محمد بن راشدالمکتوم کو ضلع خضدار، لسبیلہ اور چاغی میں بلوچستان کے شمال مغربی علاقوں میں شکار کی اجازت دی تھی۔ قطر کے شیخ تمیم بن حماد بن خلیفہ کو ضلع واہشک، ان کے انکل شیخ جاسم حماد بن خلیفہ کو موسی خیل، تحصیل درگ اور ضلع کچھی کی تحصیل میں شکار کرنے کا اجازت نامہ جاری کیا گیا۔

علاوہ ازیں قطر کے شاہی خاندان کی سپریم کونسل کے ایک رکن شیخ علی بن عبداللہ ثانی کو ضلع کیچ، شاہی خاندان کے ایک اور فرد شیخ فیصل بن نصیربن ہمدان کو قلعہ سیف اللہ، کاکڑ خراسان اور قمر دین کاریز میں، بحرین کی مسلح افواج کے کمانڈر ان چیف شیخ خلیفہ بن احمد الخلیفہ کو موسی خیل میں تحصیل توائسر میں شکار کی اجازت دی گئی۔ اس کے ساتھ بحرین کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل شیخ راشد بن عبداللہ الخلیفہ کو ضلع جعفرآباد کے علاقوں میں شکار کرنے کی اجازت دی ہے۔