پہلی مرتبہ خیبر پختونخواءمیں چڑیاگھر کا افتتاح

پہلی مرتبہ خیبر پختونخواءمیں چڑیاگھر کا افتتاح

پشاور: خیبرپختونخوا کے پہلے چڑیا گھر کا افتتاح آج پشاور میں کردیا گیا ہے، پشاور کے فارسٹ انسٹیٹیوٹ راحت آباد میں اس چڑیا گھر کا افتتاح وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کیا، اس موقع پر ان کے ہمراہ سپیکر اسمبلی اسد قیصر اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔اس چڑیا گھر کا سنگ بنیاد تقریباً دو سال قبل رکھا گیا تھا جسے 29 ایکڑ اراضی پر 47 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کیا گیا ہے۔

انتظامیہ کے مطابق چڑیا گھر میں مختلف اقسام و نسل کے پرندے اور دیگر جانور لائے جاچکے ہیں جبکہ بچوں کےلئے اس میں الگ سے پارک بھی تعمیر کیا گیا ہے۔ افتتاحی تقریب کے موقع پر وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے کہا کہ سال 2013 میں جب پاکستان تحریک انصاف نے خیبرپختونخوا میں حکومت کی بھاگ دوڑ سنبھالی تو ہر طرف بد امنی تھی تاہم اب کافی حد تک امن قائم ہوچکا ہے اور صوبائی حکومت عوام کو تفریح کے مختلف مواقعے فراہم کرنے کےلئے سرگرم ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پشاور کو دوبارہ پھولوں کا شہر بنانے کا پختہ ارادہ کررکھا ہے جن میں ایک کو آج چڑیا گھر کی تکمیل کے ساتھ پورا کردیا ہے جبکہ اس کے علاوہ پشاور بس رپیڈ ٹرانزٹ منصوبہ بھی جلد مکمل ہوجائے گا۔