کراچی: وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہاہے کہ پیپلزپارٹی سندھ سے سینیٹ کی بارہ نشستوں پر انتخاب لڑے گی، ایم کیو ایم والے جھگڑے چھوڑ کر عوام کی خدمت کریں گے تو یہ ان کے لیے بہتر ہے اوراسی میں ان کی بقا ہے۔ راؤ انوار کی گرفتاری کے لیے تمام اداروں سے مدد مانگی ہے، انشااللہ جلد راؤ انوار کو ملزم کے طور پر گرفتار کرلینگے،فاروق ستار ایک منجھے ہوئے سیاستدان ہیں، ان کی پیپلزپارٹی میں شمولیت کا پارٹی سے پوچھیں گے، آنیوالے دنوں میں کراچی کے شہری ایم کیوایم کو مسترد کرینگے، پی ایس ایل جیسے بڑے ایونٹ کی سیکورٹی سے مطمئن ہوں ،سینیٹ اور آئندہ عام انتخابات میں ہمارے نمائندے کارگردگی کی بنیاد پر کامیاب ہونگے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو الیکشن کمیشن سندھ کے دفتر کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انکے ہمراہ چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی، سابق وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ، فاروق ایچ نائیک، وزیر صحت ڈاکٹر سکندر میندھرو ارکان سندھ اسمبلی اورصوبائی وزراء بھی موجود تھے۔وزیراعلی سندھ کی سربراہی میں سینٹ انتخابات 2018 کیلئے ٹیکنوکریٹ اور خواتین کی مخصوص نشست کے لیے پیپلز پارٹی کے امیدواروں نے کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی کیلئے صوبائی الیکشن کمیشن پہنچے تھے، پیپلز پارٹی کے تمام منتخب امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے، پیپلز پارٹی کے 5 رہنما ں ڈاکٹر سکندر میندھرو، تاج حیدر، ڈاکٹر یونس حیدر سومرو، انتھنی نوید اور انور لال دین کے ٹیکنوکریٹ نشستوں کے کاغذات نامزدگی کے کوائف کی چھان بین عمل کے بعد منظورکرلیے گئے۔
وزیراعلی سندھ نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے بڑے بڑے ایونٹ کیئے بوھری کمیونٹی کے روحانی پیشوا اوراسماعیلی کمیونٹی کے روحانی پیشوا آغا خان کی آمد سمیت تمام پروگرام بہتراندازمیں منعقد ہوئے اب پی ایس ایل بھی امن اور خیریت سے ہو جائے گا ، پی ایس ایل فائنل کیلئے تمام تر اقدامات کررہے ہیں، پی ایس ایل کا فائنل بھی احسن طریقے سے ہو گا، پی ایس ایل فائنل کیلیئے امن سمیت خود تمام معاملات کو مانیٹر کررہا ہوں۔