ملتان : قومی کرکٹر صہیب مقصود نے زندگی کی نئی اننگز شروع کردی ، 13فروری کو بارات لے کر دلہنیا لینے جائیں گے اور ہنی مون پی ایس ایل میں منائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق گرین شرٹس کیلئے 26 ایک روزہ اور 20 ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے والے کرکٹر صہیب مقصود نے اب نئی اننگز شروع کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں، ملتان سے تعلق رکھنے والے بلے باز نے گزشتہ روز اپنے نکاح کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں، قومی کرکٹر 13 فروری کو رحیم یار خان سے تعلق رکھنے والی ہیرا کنول کے گھر بارات لے کر جائیں گے اور ولیمہ ویلنٹائن ڈے کو ہو گا۔
صہیب مقصود کا کہنا ہے کہ وہ اپنا ہنی مون پی ایس ایل کے دوران یو اے ای میں ہی منائیں گے کیوں کہ ان کا اصل فوکس پی ایس ایل پر ہو گا۔ خیال رہے کہ صہیب مقصود کا رشتہ ان کے گھر والوں نے طے کیا ہے اور یہ ارینج میرج ہوگی۔