پاکستان سرمایہ کاری کے لیے قابل اعتماد منزل بن چکا ہے:وزیراعظم شہباز شریف

 پاکستان سرمایہ کاری کے لیے قابل اعتماد منزل بن چکا ہے:وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (او آئی سی سی آئی) کی حالیہ رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ رپورٹ میں بیرونی سرمایہ کاروں کے پاکستان میں اعتماد میں اضافے کی نشاندہی کی گئی ہے، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ ملک میں کاروبار کے لیے ماحول بہتر ہوا ہے۔

 رپورٹ کے مطابق پاکستان کے بارے میں عالمی رائے منفی 10 فیصد سے بڑھ کر 31 فیصد مثبت ہو گئی ہے، جو کہ وزیراعظم کے مطابق ایک بہت خوش آئند بات ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوا ہے، اور مینو فیکچرنگ سیکٹر کی گروتھ 2 فیصد سے بڑھ کر 6 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ اسی طرح سروسز سیکٹر میں 7 فیصد سے بڑھ کر 30 فیصد کی نمایاں ترقی ہوئی ہے، جو کہ ایک بڑی کامیابی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سیمنٹ، آٹو سیکٹر، فرٹیلائزرز اور پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں بھی اضافہ ہوا ہے، جو عالمی سرمایہ کاروں کے لیے ایک مثبت اشارہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رپورٹ اس بات کو ثابت کرتی ہے کہ پاکستان اب سرمایہ کاری کے لیے ایک قابل اعتماد اور امید افزا مقام بن چکا ہے، اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد گزشتہ چند ماہ میں بڑھا ہے۔


شہباز شریف نے کہا کہ برآمدات اور ریکارڈ ترسیلات زر کی بدولت ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا ہے، اور عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی معاشی پالیسیوں اور معاشی ٹیم کی محنت کے نتائج اب سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔