ٹوکیو: ٹوکیو کی حکومت نے کم شرح پیدائش سے نمٹنے کے لیے ایک نیا اقدام اٹھاتے ہوئے نئی پالیسی بنائیہے۔ ٹوکیو کی گورنر یوریکو کوئیکے نے اعلان کیا کہ اگلے سال اپریل سے میٹروپولیٹن حکومت کے ملازمین کو ہفتے میں تین دن چھٹی دی جائے گی تاکہ وہ اپنے ذاتی اور خاندانی امور پر زیادہ وقت گزار سکیں۔
یہ فیصلہ جاپان کی شرح پیدائش کو بڑھانے کے لیے کیا گیا ہے، جو گزشتہ سال 1.2 تھی، جو کہ مطلوبہ 2.1 کے فرٹیلٹی ریٹ سے بہت کم ہے۔ گورنر یوریکو نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد یہ ہے کہ لوگ اپنے بچوں کی پیدائش اور دیکھ بھال کے دوران اپنی ملازمتیں چھوڑنے کے بجائے اپنا کیریئر جاری رکھ سکیں۔
ٹوکیو حکومت نے ایک اور سکیم بھی متعارف کرائی ہے، جس کے تحت والدین اپنے بچوں کی ابتدائی تعلیم کے دوران اپنے کام کے اوقات کم کر سکتے ہیں، تاہم اس کے بدلے ان کی تنخواہ میں کمی کی جائے گی۔ جاپان میں خواتین کو اکثر اپنے کیریئر اور ماں بننے کے درمیان ایک انتخاب کرنا پڑتا ہے، خاص طور پر جب کام کے اوقات بہت زیادہ ہوتے ہیں۔