اسلام آباد:انسٹاگرام نے ایک نیا فیچر "ٹرائل ریلز" متعارف کرایا ہے جس کا مقصد صارفین کو اپنے مواد کی ابتدائی جانچ کرنے اور اس پر فوری فیڈ بیک حاصل کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ اس فیچر کی بدولت صارفین اپنی ریلز کو ایسے اکاؤنٹس کے ساتھ شیئر کر سکیں گے جو ان کے فالوورز نہیں ہیں، تاکہ وہ اپنے مواد کو وسیع پلیٹ فارم تک پہنچا سکیں اور اس کی کارکردگی دیکھ سکیں۔
"ٹرائل ریلز" فیچر کو استعمال کرنے کے لیے صارفین کو انسٹاگرام کے پروفیشنل اکاؤنٹ کی ضرورت ہوگی، حالانکہ اس فیچر تک رسائی کچھ عام صارفین کو بھی دی جا رہی ہے تاکہ وہ فیچر کی آزمائش کر سکیں۔ یہ فیچر صارفین کو اپنے مواد کی پرفارمنس کی جانچ کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے کیونکہ ریلز پہلے نان فالوورز کو دکھائی جاتی ہیں۔
اگر کسی ریل کی کارکردگی اچھی ہو تو وہ خود بخود 72 گھنٹوں کے اندر صارف کے فالوورز تک پہنچا دی جائے گی۔ اس کے لیے صارف کو پہلے اپنی ریل بنانی ہوگی، پھر شیئرنگ کے مرحلے میں "ٹرائل موڈ" کا آپشن فعال کرنا ہوگا۔
انسٹاگرام کا کہنا ہے کہ یہ فیچر فی الحال چند صارفین کے لیے دستیاب ہے اور آہستہ آہستہ آنے والے ہفتوں میں عالمی سطح پر تمام اہل صارفین کو فراہم کیا جائے گا۔