اسلام آباد : وفاقی حکومت نے فیڈرل بورڈ کے 120 بہترین طلبہ کو مفت الیکٹرک بائیکس دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کی زیر صدارت الیکٹرک وہیکلز پالیسی کے چوتھے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں موٹر ویز اور قومی شاہراہوں پر 40 چارجنگ سٹیشنز کی تعمیر کی پیشرفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔
اجلاس کے دوران رانا تنویر حسین نے کہا کہ سی ڈی اے (کپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی) تمام پٹرول پمپس پر چارجنگ سٹیشنز نصب کرے گا۔ مزید برآں، حکومت 39,000 الیکٹرک بائیکس اور 1,900 الیکٹرک رکشوں کو رعایتی قرضوں پر فراہم کرے گی۔
وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے پورا عمل ڈیجیٹلائز کیا جائے گا، اور وزیراعظم کے وژن کے مطابق اسلام آباد کو ماڈل شہر بنایا جائے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ الیکٹرک وہیکلز پالیسی کا اعلان بہت جلد کیا جائے گا، جو کہ ملک میں ماحول دوست ٹرانسپورٹ کو فروغ دینے کے لیے اہم قدم ثابت ہو گا۔