واشنگٹن : نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چینی صدر شی جن پنگ کو اپنی حلف برداری کی تقریب میں مدعو کیا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق ٹرمپ نے نومبر میں کامیابی کے فوراً بعد شی جن پنگ کو دعوت دی تھی، تاہم یہ ابھی تک واضح نہیں تھا کہ آیا چینی صدر نے اس دعوت کو قبول کیا ہے یا نہیں۔
رپورٹس کے مطابق، ہنگری کے وزیراعظم وکٹر اوربان کو بھی حلف برداری کی تقریب میں مدعو کرنے کا امکان ہے۔ ٹرمپ 20 جنوری کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
چینی صدر شی جن پنگ نے ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکی صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی تھی کہ دونوں ممالک باہمی احترام اور پُرامن بقائے باہمی کے اصولوں پر عمل کریں گے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ مستحکم اور مضبوط تعلقات دونوں ممالک کے مشترکہ مفاد میں ہیں، اور اس بات پر زور دیا کہ دونوں کو ایک دوسرے کے ساتھ چلنے کا صحیح راستہ تلاش کرنا چاہیے۔