نیویارک : اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے ایک مرتبہ پھر غزہ میں فوری غیرمشروط جنگ بندی کی قرارداد منظور کر لی۔ اس قرارداد میں اسرائیل اور حماس سے تمام یرغمالیوں کی فوری رہائی کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔
اس قرارداد کے حق میں 193 رکن ممالک میں سے 158 نے ووٹ دیا، جبکہ امریکا، اسرائیل اور دیگر سات ممالک نے اس کے خلاف ووٹ دیا۔ 13 ممالک اس ووٹنگ میں غیر حاضر رہے۔ اس کے علاوہ، جنرل اسمبلی نے اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی "انروا" کے حق میں بھی ایک قرارداد منظور کی، جس میں اسرائیل سے انروا کے مینڈیٹ کا احترام کرنے اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ اس قرارداد کے حق میں 159 ووٹ ڈالے گئے جبکہ 99 ممالک نے مخالفت کی اور 11 غیر حاضر رہے۔
انروا کے حق میں منظور کی گئی قرارداد میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ اسرائیل غزہ پٹی میں بغیر کسی رکاوٹ کے انسانی امداد کی فراہمی جاری رکھنے کے لیے درکار معاونت فراہم کرے۔ یاد رہے کہ 7 اکتوبر 2023 کو اسرائیلی حملوں کے بعد سے غزہ میں 44,805 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں اور 106,257 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں، جن میں نصف سے زائد تعداد بچوں اور خواتین کی ہے۔