بیرسٹر گوہر علی خان سے آسٹریلوی ہائی کمشنر کی ملاقات ، چیئرمین پی ٹی آئی نے انٹرا پارٹی انتخابات اور "بلے" کے نشان کے حوالے سے آگاہ کیا

05:57 PM, 12 Dec, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: آسٹریلوی ہائی کمشنر نیل ہاکنگز نے چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان سے ملاقات کی۔ ملکی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال، دوطرفہ امور اور باہمی دلچسپی کے معاملات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

پی ٹی آئی کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں سینٹ میں تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر بیرسٹر علی ظفر اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن بھی شریک تھے۔ سینئر آسٹریلوی سفارتکار میری رابرٹسن بھی موجودتھیں۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں عام انتخابات کے ماحول، سیاسی جماعتوں کیلئے انتخاب میں شرکت کے مواقع اور انتخابات کے ملکی ترقی و خوشحالی پر اثرات ، انتخابات کے آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انعقاد کے حوالےسے الیکشن کمیشن کے دستوری فرائض اور زمینی صورتحال کی مختلف جہتوں پر بھی بات چیت کی گئی۔ 

تحریک انصاف کے انٹراپارٹی انتخابات اور ”بلّے“ کے انتخابی نشان کے حوالے سے الیکشن کمیشن میں جاری کارروائی بھی زیربحث آئی۔ ملک میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کی جاری لہر خصوصاً خواتین سیاسی کارکنان کیخلاف ماورائے آہین و قانون اقدامات کے قابلِ مذمت سلسلے پر بھی گفتگو کی گئی ۔

ملاقات میں صاف شفاف انتخابات کے نتیجے میں وجود پذیر ہونے والی عوامی مینڈیٹ کی حامل حکومت کی افادیت اور ضرورت کے مختلف پہلوؤں پر بھی بات چیت  کی گئی ۔آسٹریلوی ہائی کمشنر کی جانب سے ملک میں جمہوریت کے بقا و تسلسل، آزادانہ، منصفانہ، شفاف اور inclusive الیکشنز اور بنیادی انسانی حقوق کے احترام و تحفّظ کے حوالے سے آسٹریلوی حکومت کے مؤقف کا اعادہ کیا گیا۔ 

مزیدخبریں