ورزش کی عادت  خواتین کو کینسرجیسی مہلک بیماری سے بچائے، ماہرین صحت کا انکشاف

05:24 PM, 12 Dec, 2023

نیوویب ڈیسک

برمنگھم: ورزش کی عادت خواتین کو کینسر جیسی مہلک بیماری سے بچاتی ہے۔  ماہرین صحت نے انکشاف  کیا ہےکہ جو خواتین ورزش کرتی ہیں ان میں کینسر کا خطرہ دس فی صد تک کم ہوجاتا ہے، ورزش خواتین کو بریسٹ کینسر جیسی جان لیوا بیماری سے بچاتی ہے۔  ایکسرسائز میں تیز چلنا اور سائیکلنگ شامل ہے۔ اعداد وشمار کے مطابق ہر سال  55 ہزار4 سو برطانوی خواتین میں  بریسٹ کینسر کی تشخیص ہوتی ہے  اور اس  بیماری کی وجہ سے 11 ہزار5 سو خواتین جان کی بازی ہار  جاتی ہیں۔یہ مرض45  برس سے زائد العمر خواتین میں  زیادہ ہوتا ہے۔ ایک اور تحقیق میں بھی یہ ثابت ہوا تھا کہ ہفتے میں لگ بھگ ساڑھے چھ گھنٹے چہل قدمی  کی وجہ سے  کینسر کا خطرہ 30  فی صد تک کم ہوجاتا ہے۔

برطانیہ کے انسٹیٹیوٹ آف کینسر ریسرچ کی تحقیق میں بتایا گیا کہ ورزش کرنے کی عادت سے جوان خواتین بریسٹ کینسر سے متاثر ہونے کا خطرہ نمایاں حد تک کم کر سکتی ہیں۔اس تحقیق میں لگ بھگ ساڑھے 5 لاکھ خواتین کو شامل کرکے ان کی صحت کا جائزہ 12 سال تک لیا گیا۔اس عرصے کے دوران ان کی جسمانی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا جبکہ یہ بھی دیکھا گیا کہ ان میں سے کتنی خواتین میں بریسٹ کینسر کی تشخیص ہوئی۔اس عرصے میں 10 ہزار سے زائد خواتین میں سرطان کی اس قسم کی تشخیص ہوئی۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ ہفتے میں کم از کم 3 بار ورزش بشمول چہل قدمی کرنے سے خواتین میں بریسٹ کینسر سے متاثر ہونے کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔تحقیق کے مطابق جسمانی طورپر متحرک خواتین میں بریسٹ کینسر کا خطرہ دیگر کے مقابلے میں 10 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔

اب تک یہ واضح نہیں کہ ورزش کرنے سے بریسٹ کینسر سے متاثر ہونے کا خطرہ کیوں کم ہوتا ہے مگر اس نئی تحقیق میں شامل ماہرین نے بتایا کہ جسمانی سرگرمیوں سے ممکنہ طور پر ان ہارمونز کی سطح کم ہوتی ہے جن کو سرطان کی اس قسم سے منسلک کیا جاتا ہے۔

مزیدخبریں