العزیزیہ ریفرنس: سزا کیخلاف نواز شریف کی اپیل پر سماعت آج پھر، سیکیورٹی انتظامات سخت

العزیزیہ ریفرنس: سزا کیخلاف نواز شریف کی اپیل پر سماعت آج پھر، سیکیورٹی انتظامات سخت
سورس: file

اسلام آباد:  سابق وزیر اعظم و مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی العزیزیہ ریفرنس میں سزا کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں آج پھر  سماعت ہوگی۔ 

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل دو رکنی بینچ سماعت کرے گا۔سابق وزیرِ اعظم نواز شریف اپنی لیگل ٹیم کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوں گے۔

 
 اسلام آباد ہائی کورٹ اور اطراف میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو عدالت میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔کمرۂ عدالت میں داخلہ رجسٹرار آفس سے جاری خصوصی پاسز سے مشروط ہو گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ سماعت پر نواز شریف کے وکیل امجد پرویز نے دلائل مکمل کر لیے تھے جبکہ آج کی سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے اپیل پر دلائل دیے جائیں گے۔بینچ نے ریفرنس دوبارہ سماعت کے لیے احتساب عدالت کو بھجوانے کی نیب استدعا مسترد کر تے ہوئے میرٹ پر دلائل سننےکا فیصلہ کیا۔ 


یاد رہے کہ 6 جولائی 2018 کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کو 11 سال قید کی سز اسنائی تھی۔24 دسمبر 2018 کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں7 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

رواں سال 26 اکتوبر کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے (ن) لیگی قائد نواز شریف کی درخواست پر ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں سزا کے خلاف اپیلیں بحال کی تھیں۔گزشتہ دنوں اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نوازشریف کی 11 سال قید کی سزا کالعدم قرار دے کر انہیں بری کیا۔

مصنف کے بارے میں