پانچ روزہ 18ویں کراچی عالمی کتب میلے 2023 کا جمعرات سے آغاز

10:30 AM, 12 Dec, 2023

نیوویب ڈیسک

کراچی: پاکستان پبلشرز اور بک سیلرز ایسوسی ایشن کے تحت 18واں کراچی عالمی کتب میلہ 2023کراچی ایکسپو سینٹر میں جمعرات 14دسمبر سے شروع ہوگا اور سوموار  18دسمبر تک جاری رہے گا۔

کراچی انٹرنیشنل بک فیئر 2023  میں پاکستان، ترکی، سنگاپور، چین، ملائیشیا، برطانیہ، متحدہ عرب امارات سمیت17 ممالک کے تقریباً 40 ادارے حصہ لیں گے ،میلےمیں 330 سے زائد اسٹال لگائے جائیں گے،بک فیئر میں انتہائی کم قیمت میں کتابیں دستیاب ہوں گی اور چار لاکھ سے زائد افراد کی آمد متوقع ہے ۔

ذرائع کےمطابق کتب میلے کی افتتاحی تقریب جمعرات 14دسمبر 2023کو ہوگی،مہمان خصوصی نگراں وزیر اعلی سندھ جسٹس(ر) مقبول باقر ہوں گے جبکہ مہمان اعزازی نگراں صوبائی وزیربرائے ِ اطلاعات ، سماجی امور تحفظ اور صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ ہوں گے۔

پاکستان پبلشرز اور بک سیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عزیر خالد اورکنوینر وقار متین نے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس میں صحافیوں کو عالمی میلے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر نا صر حسین، ندیم مظہر، ایم۔ اقبال غازیانی، اقبال صالح محمد، ندیم اختر، کامران نورانی، اور سلیم عبدالحسین،سعد بن عزیز، اصغر زیدی اور اویس مرزا جمیل بھی موجود تھے۔

پاکستان پبلشرز اور بک سیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عزیر خالدنے کہا کہ پاکستانی کاغذکتابوں کے لئے معیاری نہیں جبکہ درآمدی کاغذکی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں اگر حکومت درآمدی کاغذ پر عائد ڈیوٹی کی شرح کم سے کم کر دے تو کتابوں کی قیمتیں50ٰٰفیصد تک کم ہو جائیں گی ۔پاکستان میں 80فیصد آبادی دیہی علاقوں میں رہتی ہے جہاں انٹر نیٹ یا جدیدٹیکنالوجی سے استفادہ کسی صورت ممکن نہیں اس لئے شائع کتابوں کی اہمیت کم نہیں ہو سکتی۔

وقار متین کا  کہنا تھا کہ 2005 سے لگاتار منعقد ہونے والے کرا چی بین الاقوامی کتب میلے کو پاکستان کے سب سے بڑے تجارتی میلے کا بھی اعزاز حاصل ہے ۔یہ میلہ تمام پبلشرز، ڈسٹربیوٹرز، ملکی و غیرملکی پبلشرز، لائبریرینز اور صارفین کو ایک پلیٹ فارم پر لاتا ہے۔ 

مزیدخبریں