اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے سابق رکن قومی اسمبلی چوہدری سعید کی لاش ایک گیسٹ ہاؤس میں پائی گئی ہے اور اس معاملے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کے سابق ایم این اے چوہدری سعید گیسٹ ہاؤس میں مردہ پائے گئے۔ ان کی میت پمز ہسپتال منتقل کردی گئی ہے اور مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی پنجاب کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری بیان میں واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ نماز جنازہ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
بیان میں بتایا گیا کہ سابق ایم این اے، وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے مواصلات اور ڈویژنل صدر پیپلز پارٹی فیصل آباد، چوہدری محمد سعید اقبال حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گئے ہیں۔
پیپلز پارٹی میڈیا سیل کی جانب سے چوہدری محمد سعید کے انتقال کی تصدیق کئے جانے کے ساتھ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا تعزیتی بیان بھی جاری کیا گیا ہے۔