توشہ خانہ ریفرنس ،عمران خان کیخلاف فوجداری کارروائی، اسلام آباد کی عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا 

02:06 PM, 12 Dec, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں توشہ خانہ ریفرنس میں الیکشن کمیشن کی عمران خان کے خلاف فوجداری کارروائی کے حوالے سے عدالت نے الیکشن کمیشن کی عمران خان کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔ 

عمران خان کے خلاف کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے کی ۔ دلائل دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کے وکیل  سعد حسن کا کہنا تھا کہ توشہ خانہ تحائف کی رقم کیا کسی اور نے ادا کی یا کیش میں کی گئی ؟ 11 ملین کا جو ٹیکس بنتا تھا اس کو چھپایا گیا لیکن وہ معاملہ ٹیکس اتھارٹیز کا ہے 

وکیل الیکشن کمیشن کا کہنا تھاکہ عمران خان کے 2017/18 ، 2020/21 کے گوشوارے درست لیکن  2018/19 اور 2019/20 کے گوشوارے متنازعہ ہیں ۔ 2021 میں کچھ رقم کو ظاہر کیا گیا جو اس سے پچھلے دو سال میں ظاہر نہیں کیا گیا تھا ۔

واضح رہے کہ  توشہ خانہ ریفرنس پر الیکشن کمیشن کی عمران خان کے خلاف فوجداری کارروائی کی درخواست قابل سماعت ہے یا نہیں ؟ ایڈیشل سیشن جج نے  اس پر الیکشن کمیشن کے وکیل کے دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کیا ہے۔ درخواست قابل سماعت ہونے پر عمران خان کو نوٹس جاری ہو گا اور کیس پھر آگے چلے گا۔

مزیدخبریں